دبئی،9جنوری(آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور تجارتی مرکز دبئی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر فوری جرمانے روز کا معمول ہیں مگر ایک یورپی ملک سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈرائیور نے ایک گھنٹے میں ٹریفک قانون کی خلاف ورزیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ ہی توڑ ڈالے۔ بار بار ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب غیرملکی خاتون ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لیا تو اس نے کہا کہ وہ نفسیاتی دباؤ کا شکار ہے اور اس کا موڈ خراب ہے۔
دبئی ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مہیر المزروعی نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کو ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر چالان مرکزی شاہراہ الشیخ زاید پر 220سے 240کلو میٹر کی رفتار سے گاڑی چلانے پر کیے گئے ہیں۔اخبارالبیان کے مطابق ایک گھنٹے میں 19بار ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر چالان کا یہ منفرد واقعہ ہے۔ یہ اس لیے بھی دلچسپ ہے کہ اس خلاف ورزی کی مرتکب ایک خاتون ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قانون کی بار بار خلاف ورزی کرنے والی خاتون کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اسے پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا موڈ خراب تھا اور وہ اپنا نفسیاتی معائنہ کرانے اسپتال جانا چاہتی تھی۔دبئی ٹریفک پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ 200کلو میٹر فی گھنٹہ سے زاید کی رفتار میں گاڑی چلانے پر 1000درہم جرمانہ اور دو ماہ کے لیے گاڑی ضبط کی جاتی ہے۔ خلاف ورزی کا سلسلہ بار بار ہو تو گاڑی تین سال کے لیے ضبط کی جاسکتی ہے۔دبئی ٹریفک پولیس کے مطابق گذشتہ ماہ ٹریفک کے 2765واقعات پیش آئے جن میں 184افراد ہلاک اور 1830زخمی ہوگئے تھے۔
مصر:یتیم خانے میں 4 سالہ بچے پرتشدد